جناح اسپتال کراچی میں جدید بریسٹ ریڈی ایشن یونٹ قائم، کینسر کے علاج میں بڑی پیش رفت

کراچی(این این آئی)پاکستان میں بریسٹ کینسر کے علاج کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کراچی میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بلقیس و عبدالستار ایدھی بریسٹ ریڈی ایشن یونٹ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے، جہاں فعال ہونے کے بعد بریسٹ کینسر کے مریضوں کو جدید ریڈی ایشن علاج مفت فراہم کیا جائے گا۔اس منصوبے کو سندھ حکومت، پیشنٹ ایڈ فاو¿نڈیشن اور ایدھی فاو¿نڈیشن کے اشتراک سے قائم کیا جا رہا ہے۔ منصوبے میں ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی جدید ٹوموتھراپی ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے، جو کینسر کے علاج میں زیادہ درست، محفوظ اور مو¿ثر ریڈی ایشن فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔شعبہ سائبر نائف کے سربراہ پروفیسر طارق محمود کے مطابق جدید مشینوں کی بدولت روایتی طور پر 20 سے 22 سیشنز پر مشتمل ریڈی ایشن علاج اب صرف پانچ سیشنز میں مکمل کیا جا سکے گا، جس سے مریضوں کو کم وقت میں بہتر علاج میسر آئے گا اور علاج کے اخراجات اور جسمانی دباو¿ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ریڈی ایشن شعاعوں کو انتہائی درستگی کے ساتھ متاثرہ حصے تک پہنچایا جاتا ہے، جبکہ دل اور دیگر صحت مند اعضا کو غیر ضروری شعاعوں سے محفوظ رکھنے کی سہولت بھی موجود ہے، جس سے علاج کے ممکنہ مضر اثرات کم ہو جاتے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق بریسٹ کینسر خواتین میں سب سے زیادہ تشخیص ہونے والے سرطانوں میں شامل ہے، جو چھاتی کے خلیوں کی غیر معمولی اور بے قابو نشوونما کے باعث پیدا ہوتا ہے۔ اگر بیماری کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہو جائے تو بروقت علاج کے ذریعے صحت یابی کے امکانات نمایاں حد تک بڑھ جاتے ہیں، تاہم علاج میں تاخیر کی صورت میں سرطان جسم کے دیگر حصوں تک پھیل سکتا ہے۔ماہرین نے خواتین پر زور دیا ہے کہ چھاتی میں گانٹھ، سائز یا شکل میں تبدیلی، جلد پر گڑھے پڑنا، نپل سے غیر معمولی اخراج یا نپل کی ساخت میں تبدیلی جیسی علامات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں اور فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کرکے ضروری طبی معائنہ اور ٹیسٹ کرائیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ریڈی ایشن ٹیکنالوجی کا قیام ملک میں سرطان کے علاج کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب اہم قدم ہے، تاہم بریسٹ کینسر سے مو¿ثر طور پر نمٹنے کیلئے خواتین میں آگاہی، باقاعدہ اسکریننگ اور ابتدائی تشخیص کو فروغ دینا بھی ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں