لورالائی(میاں محمد طاہر بشیر آرائیں )جنوبی پشتونخوا کے علاقوں، خصوصاً ہنہ اوڑک اور زیارت میں حالیہ غیر یقینی صورتحال، امن و امان کے مسائل اور عوام میں پائی جانے والی تشویش کے پیشِ نظر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام لورالائی کے ضلعی سیکریٹریٹ میں ایک اہم آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولوی امین زاہد نے کی، جبکہ مختلف سیاسی، سماجی، تجارتی، وکلائ، صحافتی، ٹرانسپورٹ اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں جنوبی پشتونخوا کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ، کاروباری سرگرمیوں پر پڑنے والے منفی اثرات اور خطے میں بڑھتی ہوئی بے چینی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حالات کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے فوری، مو¿ثر اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔اجلاس میں جمعیت علماء اسلام، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، پشتون تحفظ موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، جمعیت علماء اسلام (نظریاتی)، بلوچستان نیشنل پارٹی، لورالائی بار ایسوسی ایشن، لورالائی پریس کلب، مرکزی انجمن تاجران، انجمن تاجران (رحیم آغا)، لورالائی آزادی پینل، ٹرک یونین، بس یونین، زمیندار ایکشن کمیٹی، اڈا مستری ورکر یونین اور بلوچستان انجمن تاجران کے نمائندوں نے شرکت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات اجتماعی اور متحدہ ردعمل کا تقاضا کرتے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 12 جولائی بروز اتوار شام 4 بجے سرکاری باغ لورالائی سے ایک پرامن احتجاجی جلوس نکالا جائے گا۔ یہ جلوس شہر کی مختلف شاہراہوں اور اہم چوکوں سے ہوتا ہوا باچا خان چوک پہنچے گا، جہاں ایک بڑے احتجاجی جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ احتجاجی پروگرام کی کامیابی اور عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے جلوس اور جلسے کے دوران شہر بھر میں شٹر ڈاو¿ن ہڑتال ہوگی، تمام کاروباری مراکز، دکانیں اور تجارتی سرگرمیاں بند رہیں گی جبکہ ٹریفک بھی معطل رہے گی۔ شرکاء نے تمام تاجروں، ٹرانسپورٹرز، وکلائ ، صحافیوں، مزدوروں، زمینداروں، طلبہ، نوجوانوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مشترکہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔اجلاس کے شرکائ نے واضح کیا کہ احتجاج کا مقصد جنوبی پشتونخوا کے عوام کے تحفظ، امن کے قیام اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل اور ممکنہ مزید احتجاجی اقدامات کا اعلان باچا خان چوک میں ہونے والے جلسہ عام سے کیا جائے گا۔شرکاء نے امید ظاہر کی کہ تمام مکاتبِ فکر کے لوگ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرامن انداز میں اس احتجاج کو کامیاب بنائیں گے تاکہ جنوبی پشتونخوا کے عوام کے تحفظ، امن و استحکام اور بنیادی حقوق کے حوالے سے ایک مضبوط اور مشترکہ آواز بلند کی جا سکے۔
جنوبی پشتونخوا کی صورتحال پر لورالائی میں آل پارٹیز کانفرنس، 12 جولائی کو شٹر ڈاو¿ن ہڑتال، احتجاجی ریلی اور جلسہ عام کا اعلان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل