جیکب آباد،اقدامِ قتل کے 2 روپوش ملزمان گرفتار، چوری شدہ بھینس برآمد

جیکب آباد (رپورٹ انیس جکھرانی) جیکب آباد پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دلمراد اور باہو کھوسو پولیس نے دو مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب 2 روپوش ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ چوری شدہ بھینس برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان جیکب آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ دلمراد سب انسپکٹر اشفاق اعوان نے پولیس نفری کے ہمراہ دلمراد کے علاقے میں چھاپہ مار کر اقدامِ قتل کے مقدمے میں کافی عرصے سے روپوش دو ملزمان عادل ولد مولا بخش اور مولا بخش ولد گلزار انڑ کو گرفتار کر لیا، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب تھانہ باہو کھوسو کے ایس ایچ او انسپکٹر بشیر احمد مگسی نے عملے کے ساتھ مل کر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہری وزیر علی لاشاری کی چوری شدہ بھینس برآمد کر لی۔ پولیس نے ضروری قانونی کاغذی کارروائی اور تصدیق کے بعد برآمد شدہ بھینس کو اصل مالک کے حوالے کر دیا، جس پر شہری نے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور روپوش و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں