راولپنڈی(این این آئی)سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتن الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعب تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آپریشن 24 اکتوبر 2026کو علاقے میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے 6بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائیک غلام مرتضی اور سپاہی تاثیر احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، شہید نائیک غلام مرتضیٰ کی عمر 36سال اور تعلق ضلع گجرات سے تھا، جبکہ 30سالہ سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشت گرد حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے تھے۔آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی ہدایات کے تحت وژن عزمِ استحکام کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق وطن کے دفاع میں بہادر جوانوں کی قربانیاں ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6دہشتگرد ہلاک، 2جوان شہید
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل