گنداخہ ( نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما و صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی نے دختر مشرق شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوام کے حقوق، جمہوریت کے استحکام اور ملک کی سربلندی کےلئے وقف کر رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ دخترِ مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو 21 جون 1953 کو سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے گھر پیدا ہوئیں۔ انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت، جرات اور عوامی خدمت کے جذبے کے باعث ملکی و بین الاقوامی سطح پر منفرد مقام حاصل کیا۔عوامی مقبولیت کے باعث وہ دو مرتبہ پاکستان کی وزیراعظم منتخب ہوئیں اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا،سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی، عوامی حقوق کے تحفظ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں۔ انہوں نے قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے جن میں دفاعی منصوبوں کی سرپرستی، جدید دفاعی صلاحیتوں کے فروغ اور پاکستان کو مضبوط و مستحکم ریاست بنانے کی کوششیں شامل ہیں انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد، قربانیاں اور عوام دوستی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی خدمات ملک کی سیاسی تاریخ کا روشن باب ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو کی آواز آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہے۔
شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیاں اور عوام دوستی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی‘فیصل جمالی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل