واقعہ مشکوک قرار ،یہ آگ حادثہ نہیں ،سازش کے تحت لگائی گئی ،صدر بازار عبدالرحمان خان
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایچ نائن میں واقع ہفتہ وار سستا بازار میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 335 دکانیں اور سٹالز جل کر خاکستر ہوگئے ،آگ پر قابو پانے کےلئے ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے طویل جدوجہد کی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 70سے زائد دکانوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم وقت کے ساتھ ساتھ نقصان میں اضافہ ہوتا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ بجھانے کیلئے راولپنڈی سے اضافی فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی طلب کی گئیں جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں۔حکام کے مطابق مجموعی طور پر 9سیکشنز متاثر ہوئے جن میں سے 7پر قابو پا لیا گیا تھا جبکہ آگ پر تقریبا 80فیصد تک قابو حاصل کر لیا گیا۔انتظامیہ نے بتایا کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم کپڑوں اور دیگر اشیا کے اسٹالز مکمل طور پر جل گئے۔دوسری جانب تاجروں نے انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بروقت موقع پر نہیں پہنچ سکیں جس کے باعث نقصان میں اضافہ ہوا۔ تاجروں کے مطابق بازار میں آگ بجھانے کےلئے مناسب انتظامات موجود نہیں تھے۔بازار کے صدر عبدالرحمان خان نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آگ حادثہ نہیں بلکہ سازش کے تحت لگائی گئی ہے۔ تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔