جیکب آباد (رپورٹ انیس جکھرانی) ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی کی سربراہی میں پولیس نے سندھ بلوچستان سرحدی پٹی پر جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوؤں کے خلاف بڑا گرینڈ آپریشن کیا ہے۔ کارروائی میں بکتر بند گاڑیوں اور جدید مشینری کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس نے تھانہ باہو کھوسو، تھانہ آر ڈی 44 اور تھانہ آر ڈی 52 سمیت سرحدی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ملزم منگھی بنگلانی اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے گھروں، مورچوں، اوطاقوں اور مخفی ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ اس دوران پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے تمام ٹھکانوں اور مورچوں کو مسمار کر کے نذرِ آتش کر دیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی نے پولیس افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ روپوش ملزمان اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہے گا اور تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
جیکب آباد: سندھ بلوچستان سرحدی پٹی پر ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن، ٹھکانے مسمار