کراچی – 16 جولائی 2026
ساؤتھ ایئر نے ٹورازم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن (TPRI) لائسنس کے تحت اپنی باقاعدہ پروازوں کا آغاز کر دیا ہے، جو ملک کے ڈومیسٹک فضائی نیٹ ورک میں ایک اہم اضافہ ہے۔
کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تربت انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آنے والی ساؤتھ ایئر کی افتتاحی پرواز کا روایتی واٹر کینن سلوٹ/سلامی کے ذریعے استقبال کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر بلوچستان، شیخ جعفر خان مندوخیل تھے۔ ان کے ہمراہ رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ، صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔ بعد ازاں سی آئی پی لاؤنج میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں ایئرپورٹ منیجر، کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے شرکاء کو ساؤتھ ایئر کے آپریشنز اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے ساؤتھ ایئر کی کامیابی اور پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے کی مسلسل ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر افتتاحی پرواز کوئٹہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی۔
اس سے پہلے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے ساؤتھ ایئر کی کوئٹہ (بذریعہ تربت) اور اسلام آباد (بذریعہ بہاولپور) کے لیے باقاعدہ پروازوں کا آغاز کیا گیا۔ افتتاحی پرواز Z8911 تربت جبکہ Z8942 بہاولپور کے لیے آج صبح کراچی سے روانہ ہوئیں۔
یہ نئی پروازیں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے ڈومیسٹک فلائٹ نیٹ ورک میں اہم اضافہ ہیں اور مسافروں کو ملک کے مختلف حصوں تک مزید بہتر فضائی رابطے اور سفری سہولیات فراہم کریں گی۔
ابتدائی مرحلے میں ساؤتھ ایئر تربت روٹ پر ہفتہ وار ایک جبکہ بہاولپور روٹ پر ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کرے گی۔ ساوتھ ائیر کراچی سے پشاور، رحیم یار خان، سکھر اور گوادر کے لیے بھی پروازیں آپریٹ کرے گی، جس سے ملک کے مختلف علاقوں کے درمیان فضائی رابطے مزید مستحکم ہوں گے۔ یہ نئی فضائی سروس سیاحت، تجارت اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تربت سے آنے والی ساؤتھ ایئر کی افتتاحی پرواز کا روایتی استقبال