گنداخہ: ( نامہ نگار) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک بلوچستان سردارزادہ فیصل خان جمالی نے اپنے حلقہ انتخاب میں زرعی پانی کی مسلسل قلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے اعلیٰ سطح پر رابطوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیراعلیٰ سندھ، دونوں صوبوں کے وزرائے آبپاشی اور چیف سیکریٹریز سے رابطہ کرکے زرعی پانی کی شدید کمی سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا اور فوری و مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا،سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ زرعی پانی کی قلت کے باعث کسانوں اور زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اگر بروقت پانی کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو نہ صرف کسانوں کو بھاری مالی نقصان ہوگا بلکہ زرعی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور حلقے کے زمینداروں اور کسانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ بین الصوبائی آبی امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر پانی کی منصفانہ اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ اس اہم مسئلے کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کسانوں کے تحفظات کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں صوبوں کی حکومتیں باہمی تعاون اور مشاورت سے جلد ایسا قابلِ عمل حل نکالیں گی،جس سے زرعی شعبہ مزید نقصان سے محفوظ رہے گا،علاقے کے زمینداروں اور کسانوں نے زرعی پانی کے مسئلے پر فوری توجہ دینے اور اعلیٰ حکام سے رابطے کرنے پر صوبائی وزیر سردارزادہ فیصل خان جمالی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد ہی پانی کی فراہمی بہتر ہوگی اور زرعی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہ سکیں گی۔
زمینداروں اور کسانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، سردارزادہ فیصل جمالی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل