عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے‘مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (5 جولائی 2026 )جمعیت علماءاسلام بلوچستان کی صوبائی مجلسِ عاملہ اور پارلیمانی گروپ کا ایک نہایت اہم مشترکہ اجلاس صوبائی مولانا عبدالواسع کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی، تنظیمی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے بلوچستان میں امن و امان کی مسلسل ابتر ہوتی ہوئی صورتحال، صوبے کے طول و عرض میں روزانہ کی بنیاد پر پیش آنے والے دہشت گردی، بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، اغواء، شاہراہوں پر حملوں اور دیگر ناخوشگوار واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، مگر افسوس کہ حکومتی ناکامی کے باعث صوبے کے عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔اجلاس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے جمعیت علماء اسلام سے ہونے والی ملاقاتوں، رابطوں اور موصول ہونے والے وفود کی تفصیلات بھی شرکاء کے سامنے پیش کی گئیں۔ اس سلسلے میں اتفاقِ رائے سے ایک خصوصی رابطہ و مشاورتی کمیٹی تشکیل دی گئی، جو تمام سیاسی، مذہبی اور قومی جماعتوں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے صوبے میں قیامِ امن، عوامی مفاد اور مشترکہ سیاسی حکمتِ عملی کے حوالے سے قابلِ عمل اور متفقہ لائحہ عمل مرتب کرے گی۔اجلاس میں تنظیمی معاملات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تنظیم کو مزید فعال، مضبوط اور منظم بنانے کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ ان فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے باقاعدہ سرکلر جاری کرکے تمام ضلعی، تحصیل اور مقامی تنظیموں کو ضروری ہدایات ارسال کی جائیں گی. اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبے کی موجودہ صورتحال، سیاسی مشاورت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مزید اجلاس اور مشاورتی نشستیں منعقد کی جائیں گی، جن کے بعد اہم فیصلوں اور سفارشات سے میڈیا اور عوام کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر ملک خصوصاً بلوچستان میں پائیدار امن، استحکام، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں