جیکب آباد (رپورٹ انیس جکھرانی) ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی کے احکامات پر منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران جیکب آباد پولیس اور حساس اداروں نے بائی پاس کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی اور 2 اہم سرغنہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق انچارج سی آئی اے جیکب آباد عمر دین بنگلانی کی سربراہی میں پولیس اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر بائی پاس پکٹ نمبر 04 کے قریب ناکہ بندی کی اور مشکوک شازور گاڑی (رجسٹریشن نمبر PAF-300) کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران گاڑی میں مہارت سے چھپائی گئی 32 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی، جس پر فوری طور پر گاڑی کو تحویل میں لے کر اس میں سوار دو ملزمان محمد حنیف ولد محمد نور بروہی (سکنہ قلات) اور نجیب اللہ ولد احمد جان کاکڑ (سکنہ کوئٹہ) کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان جیکب آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق بین الصوبائی گروہ سے ہے جو منشیات کی بھاری مقدار بلوچستان سے سندھ کے مختلف شہروں میں اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
دریں اثناء ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی نے کامیا ب کارروائی پر سی آئی اے ٹیم اور حساس اداروں کے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
جیکب آباد: پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی، بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ ناکام