برمنگھم، قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے زیرِاہتمام یوم آزادی پاکستان اور یوم دفاع پاکستان کی مشترکہ تقریب

برمنگھم (پ ر) قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے زیرِاہتمام پریزیڈنٹ ہوٹل کے آڈیٹوریم میں یوم آزادی پاکستان اور یوم دفاع پاکستان کی ایک مشترکہ تقریب منعقد ہوٸی جس میں 20 نمایاں شخصیات کو ان کی کمیونٹی خدمات کے لیے تعریفی اسناد اور تمغے پیش کۓ گۓ جبکہ قائد اعظم ٹرسٹ کے پیٹرن آف چیف لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم ملک اور جیو نیوز کی رپورٹر صائمہ ہارون کو خصوصی شیلڈز پیش کی گٸیں۔
تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقیوم ملک، برمنگھم کے لارڈ مٸیر کونسلر ذاکر اللہ چوہدری، پاکستان کے قونصل جنرل فہد امجد، بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) سید مظفر الحسن، جیمی بیکٹ فائر سروسز کے گروپ کمانڈر نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی-

تقریب کی صدارت قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق نے کی اور نظامت کے فراٸض ٹرسٹ کے انفارمیشن سیکرٹری عبدالوحید خان نے سرانجام دٸیے۔
تقریب سے مہمانانِ خصوصی اور صدرِ تقریب کے علاوہ کونسلر شہریارکیانی، علامہ ظفرعباس، علامہ سید ظفراللہ شاہ، ملک عباس، کونسلر راجہ شوکت علی خان، کونسلر ساجد یونس، فہیم کیانی، آصف محمود بڑاھٹوی، قاٸداعظم ٹرسٹ کے پولیٹیکل سیکرٹری بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری اور ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری بیرسٹر عمر بنیامین نے اظہارِ خیال کیا-
تقریب کا آغاز بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ نعتِ رسول ﷺ پیش کرنے کی سعادت عمران الہی اور حاجی خان بہادر نے حاصل کی-

مقررین نے اس موقع پر بانی پاکستان قاٸداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماٶں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جنکی کوششوں کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا اور دفاعِ پاکستان کے لۓ پاک افواج کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جو اپنی جانوں کا نزرانہ دے کر وطنِ عزیز کی سرحدوں کا دفاع کرتے ہیں-
تمام مقررین نے معرکہ حق کی کامیابی سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی اور پاک سعودی ترکی معاہدے کو سراہا اور بالخصوص پاکستان کو تین ممالک کے اس اتحاد میں اہم ذمہ داری ملنے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا-
تقریب میں کمیونٹی کے قابل ذکر رہنماؤں، سفارت کاروں، اور اعلیٰ عسکری شخصیات کو اکٹھا کیا گیا تاکہ کمیونٹی کے ان افراد کے کام کو پہچانا اور سراہا جا سکے جن کی لگن، خدمت اور عزم نے برطانوی معاشرے میں اتحاد کو مضبوط کرنے، امید کو تحریک دینے اور پاکستانی کیمونٹی کا دیرپا مثبت اثر پیدا کرنے کے لیے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جن بیس افراد کو ان کی شاندار کامیابیوں، کمیونٹی خدمات اور پاکستان کے نام اور وقار کو بلند کرنے پر ایوارڈ دٸیے گۓ ان میں ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر اور پاک پاکستان ایسوسی ایشن کے رہنما محمد یوسف خان، سٹرلنگ فارماسیوٹیکلز لمیٹڈ کے سی ای او اور بانی ڈاکٹر قمر نواز، ریجنل ڈائریکٹر (ایشیا اور افریقہ) یونیورسٹی آف گلوسٹر شائر ڈاکٹر واجد منہاس، چیئر برائے انسٹی ٹیوٹ آف ڈائریکٹرز (برٹش ایشین بزنس مین) مسٹر عابد خان، صدر پاکستان پریس کلب ویسٹ مڈلینڈز راجہ ناصر محمود، ماہر تعلیم اور اسکالر ڈاکٹر محمد نصراللہ، ملٹری ہسٹورین اور WW2 میں مسلمان سپاہیوں کے کردار کو دستاویزی شکل دینے والے مسٹر جہان محمود، انٹرنیشنل کوہ پیما اور نیشنل اسٹریٹجسٹ راجہ کامران شہزاد، ممتاز بزنس مین چوہدری ایم فرید، ڈائریکٹر عالمگیر فوڈز لمیٹڈ چوہدری ایم عادل، چوہدری محمد راسب پہلوان برمنگھم کبڈی کلب اور ورلڈ بینی ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری راسب پہلوان، کمیونٹی اینڈ یوتھ انگیجمنٹ لیڈر اور عاشق الرسول گروپ کے بانی عمران الہی، ویسٹ مڈلینڈز سٹیزن کرائم سٹاپ اور یوکے یوتھ اینڈ کمیونٹی ایمبیسیڈر راجہ محمد غفران، صدر تحریک کشمیر برطانیہ فہیم کیانی، پاکستانی موسیقی کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر کردار کے حامل ایم ایوب ایم بی ای، سینئر کراؤن پراسیکیوٹر اور کامن ویلتھ یوتھ پیس ایمبیسیڈر نیٹ ورک کے کوآرڈینیٹر بیرسٹر ایم احمد، سینئر ایگزیکٹو آفیسر ہز میجسٹیز انسپکٹر محمد حنیف، ٹی وی اینکر اور شاعر افتخار احمد جگنو، لوکل گورنمنٹ فنانس سپیشلسٹ، مذہبی سکالر، اور مصنف محمد ساجد یونس، نعت انٹرنیشنل یو کے کے صدر ذوالفقار علی شامل ہیں-

آزادی پاکستان اور دفاعِ پاکستان کے دنوں کے حوالے سے مشترکہ تقریب کا اختتام ایک مشترکہ پیغام کے ساتھ ہوا جس میں برطانوی معاشرے میں نمایاں طور پر کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے میں تارکین وطن کے کردار کی تعریف کی گٸ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں