راہی ایکس ون کنویں سے یومیہ 5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 12 بیرل تیل حاصل ہوگا،

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے سندھ کے ضلع سجاول میں واقع شاہ بندر بلاک سے تیل اور گیس کے نئے ذخیرے کی دریافت اور پیداوار کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جسے ملکی توانائی کے شعبے کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔پی پی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق شاہ بندر بلاک میںراہی ایکس ون نامی کنویں سے کامیاب آزمائشی پیداوار شروع کر دی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق کنویں سے یومیہ تقریباً 5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس (MMSCFD) اور 12 بیرل خام تیل** حاصل ہو رہا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ شاہ بندر بلاک میں یہ پی پی ایل کی جانب سے دریافت کیا جانے والا چوتھا تیل و گیس کا کنواں ہے، جو ملک میں توانائی کے مقامی وسائل بڑھانے کی کوششوں میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔پی پی ایل کے مطابق راہی ایکس ون کنواں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، ماری انرجیز، سندھ انرجی کمپنی اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کی مشترکہ ملکیت ہے، جبکہ اس کی کھدائی اور تکمیل مکمل طور پر مقامی انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی مہارت سے، بغیر کسی غیر ملکی معاونت کے انجام دی گئی۔ماہرین کے مطابق نئی دریافت سے مقامی گیس کی پیداوار میں اضافہ، توانائی کے شعبے کو تقویت اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے ساحلی علاقے میں ہائیڈروکاربن کی مزید تلاش کے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں