بشکک– نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ کرغزستان کے دوران تاجکستان، ازبکستان، قازقستان اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیرِ خارجہ ژین بیک مولدوکانووچ کولوبایف سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل کے ساتھ ساتھ دسمبر 2025 میں جمہوریہ کرغزستان کے صدر کے دورہ پاکستان اور جولائی 2026 میں صدرِ پاکستان کے سرکاری دورۃ کرغزستان کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطہ کاری، کاروباری اداروں کے مابین تعاون اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کیلئے کثیرجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل برائے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے وزیرِ خارجہ سراج الدین مہرالدین سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور قریبی تعلقات کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، رابطہ کاری، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے اس بات زور دیا کہ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل نہایت اہم ہے۔وزیرِ خارجہ سراج الدین مہرالدین نے خطے میں امن، استحکام اور مسائل کے پرامن حل کے فروغ کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیرِ خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات کی، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوطی کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، رابطہ کاری، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے رواں سال کے آغاز میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف کے پاکستان کے کامیاب دورے کو یاد کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں کو بروقت عمل درآمد کے ذریعے عملی نتائج میں تبدیل کیا جائے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایس سی او اجلاس کے موقع پر قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف سے اہم ملاقات کی ہے۔
اسحاق ڈار کی کرغز، تاجک، ازبک، قازق اور بیلاروسی وزراء سے ملاقاتیں، باہمی تعاون پر اتفاق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل