بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا دوسرا بڑا سیلابی ریلا پاکستانی حدود میں داخل

لاہور (این این آئی) بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا دوسرا بڑا ریلا پاکستانی حدود میں داخل ہوگیا جس پر محکمہ آبپاشی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں پانی کے بہا ﺅمیں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے سلال ڈیم سے چھوڑا گیا دوسرا بڑا ریلا پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا، جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے بتایا کہ ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد بڑھ کر 2 لاکھ 8 ہزار کیوسک ہو گئی ہے، جہاں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ آبپاشی نے خبردار کیا کہ آئندہ چند گھنٹوں میں پانی کے بہا میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب چنیوٹ کے علاقے میاں وال اور گرد و نواح میں سیلابی پانی داخل ہونے سے کئی علاقے متاثر ہوئے جبکہ تحصیل بھوانہ کے مختلف دیہات کے مکینوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی اسی طرح موضع سانبل میں بھی سیلابی پانی گاﺅں میں داخل ہو چکا ہے اور دریائی کٹا سے مزید نقصان کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق وزیرآباد میں خانکی بیراج پر بھی پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے اور بڑے سیلابی ریلے کے گزرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔احتیاطی تدابیر کے تحت دریا کنارے آباد رانا بہرام، لویرے والا اور دیگر بستیوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر نا شروع کر دیا گیا ،پنڈی بھٹیاں میں دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ جلال پور بھٹیاں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے چاول اور جانوروں کے چارے کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے،سیالکوٹ میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں