مغوی نور احمد لہڑی کو فوری بازیاب کرایا جائے‘ قبائلی معتبرین

کوئٹہ(پ ر) لہڑی قبیلہ کے معتبرین اور آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی، میر اصغر جان لہڑی، فضل احمد لہڑی، جلال خان لہڑی، در محمد لہڑی، عبداللہ لہڑی اور مقبول احمد لہڑی نے اپنے مشترکہ بیان میں سابق خاتون رکن بلوچستان اسمبلی یاسمین لہڑی کے والد نور احمد لہڑی کو ضلع کچھی سے اغوا کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مغوی کی فوری، محفوظ اور غیر مشروط بازیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مو¿ثر اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نور احمد لہڑی انتہائی شریف النفس، انسان دوست، باوقار اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک ہیں، جن کا کسی کے ساتھ کوئی ذاتی تنازع، دشمنی یا عناد نہیں۔ ایسے امن پسند شخص کا اغوا نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری لہڑی قوم کیلئے شدید صدمے اور تشویش کا باعث بنا ہے۔ اس افسوسناک واقعے سے لہڑی قبیلہ میں شدید اشتعال اور بے چینی پائی جاتی ہے، جبکہ عوام میں بھی عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی آئینی ذمہ داری پوری کرے اور اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مغوی نور احمد لہڑی کی بحفاظت بازیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور اہل خانہ کی بے چینی کا فوری ازالہ کیا جائے۔لہڑی معتبرین نے کہا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ متعلقہ ادارے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری نتائج دیں گے اور نور احمد لہڑی کو جلد از جلد بحفاظت بازیاب کرا کے اہل خانہ کی پریشانی کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری لہڑی قوم اس معاملے پر متحد ہے اور مغوی کی جلد بازیابی کیلئے حکومت سے عملی اقدامات کی منتظر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں