شہباز شریف کا دورہ مذید مایوسی کا سبب بنا۔ پروفیسر حلیم صادق

کوئٹہ( پ ر) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ? بلوچستان صوبے کے عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا اور یہ دورہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صرف چند منٹ اجلاس کی صدارت کرکے واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے، جس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے سنگین مسائل کو وہ اہمیت نہیں دے رہی جس کے یہ متقاضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس وقت دہشت گردی، بدامنی اور مختلف افسوسناک واقعات کی لپیٹ میں ہے، جبکہ متعدد علاقوں میں متاثرہ خاندان انصاف اور داد رسی کے لیے دھرنے دیے بیٹھے ہیں۔ ایسے حالات میں وزیراعظم کو محض اجلاسوں تک محدود رہنے کے بجائے متاثرین کے درمیان جا کر ان کے دکھ درد بانٹنے اور ان کے حوصلے بلند کرنے چاہیے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے ہنہ اوڑک کے متاثرین کے دھرنے میں جا کر ان سے ملاقات کرنا اور ان کے مسائل سننا ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے متاثرہ خاندانوں کو یہ احساس ہوا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی طرزِ عمل وفاقی قیادت کو بھی اختیار کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ صرف دعوو¿ں، بیانات، اجلاسوں اور رسمی دوروں سے بلوچستان میں امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے لیے عملی اقدامات، عوامی رابطہ، متاثرین کی داد رسی، انصاف کی فراہمی اور عوام کا اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ رویے نے بلوچستان کے عوام میں مزید بے چینی اور اشتعال پیدا کیا ہے، جس کے منفی اثرات مستقبل میں سامنے آسکتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کے تحفظات کو سنجیدگی سے لے، دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کی فوری داد رسی کرے، امن و امان کے قیام کے لیے مو¿ثر حکمت عملی اختیار کرے اور صوبے کے عوام کو یہ یقین دلائے کہ وفاق ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں