ملک بھر کے مدارس کا وفاق المدارس العربیہ پاکستان پر غیر متزل اعتماد قابل رشک ہے، مولانا عبد الرحمن رفیق

کوئٹہ (04 جولائی 2026)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، شیخ مولانا عبدالاحد محمد حسنی، مولانا سعید احمد، حافظ سراج الدین، مفتی محمد روزی خان بادیزئی، مولانا محمد شعیب جدون، رحیم الدین ایڈووکیٹ اور مولانا محمد عارف شمشیر اور دیگر ذمہ داران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر کے مدارس کا وفاق المدارس العربیہ پاکستان پر غیر متزل اعتماد قابل رشک ہے۔ وفاق المدارس کے سرپرست اعلیٰ وقائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی تجویز پر تمام مدارس نے متفقہ طور پر مفتی محمد تقی عثمانی کو صدر اور مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کو ناظم اعلیٰ منتخب کر کے نہ صرف اکابرین اور اسلاف کی علمی و فکری روایت کو مزید مضبوط کیا ہے بلکہ مدارس کے خلاف عالمی سطح پر بنائی جانے والی سازشوں کو بھی دو ٹوک انداز میں مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب علمائ ، مدارس اور دینی حلقوں کے مکمل اعتماد کا عظیم الشان مظہر ہے۔ ملک کے سب سے بڑے منظم، شفاف اور بااعتماد دینی تعلیمی بورڈ کے خلاف ہرقسم کی بھونڈی سازشیں اور علماء کو تقسیم کرنے کی منفی منصوبے خاک میں مل گئے ، مبارک اور مظبوط تسلسل کے باعث مدارسِ دینیہ، اہلِ علم اور پاکستانی عوام کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس نے ہمیشہ دیانت، اعتدال، شفافیت اور اعلیٰ تعلیمی معیار کی روشن روایت قائم رکھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں