اوستہ محمد ( محمد یونس عمرانی) 02جولائی2026
ڈسٹرکٹ اوستہ محمد کے علاقے فیض آباد گنداخہ سمیت ودیگر علاقوں میں کاشتکاروں کے چاول کی پنری خشک ہونے سے زمینداروں اور کاشتکاروں کو لاکھوں روپے مالیت کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ متاثرہ کسانوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔کاشتکاروں کے مطابق حالیہ شدید گرمی، پانی کی قلت اور دیگر زرعی مسائل کے باعث چاول کی پنری بڑی تعداد میں خشک ہو گئی، جس کے نتیجے میں ان کی کئی ماہ کی محنت ضائع ہو گئی ہے۔ متاثرہ زمینداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے چاول کی کاشت پر لاکھوں روپے خرچ کیے تھے، تاہم پنری خشک ہونے کے باعث انہیں شدید مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔متاثرہ کسانوں نے حکومت بلوچستان، محکمہ زراعت توسیع صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردارزادہ میر فیصل خان جمالی اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، متاثرہ علاقوں میں کاشتکاروں کو پانی فراہم کرایا جائے اور کسانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ مزید معاشی مشکلات سے بچ سکیں۔کاشتکاروں نے کہاکہ اگر ان کے مسائل کا بروقت حل نہ نکالا گیا تو آئندہ فصلوں کی پیداوار بھی شدید متاثر ہو سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف مقامی معیشت بلکہ زرعی شعبے پر بھی مرتب ہوں گے۔
فیض آباد گنداخہ اوستہ محمد میں کاشتکاروں کے چاول کی پنری خشک، لاکھوں روپے کا نقصان