کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں مقامی قبائل اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان کئی گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ

کوئٹہ(این این آئی) 29 جون 2026
کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں مقامی قبائل اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان کئی گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ ، علاقہ عمائدین اور عوام نے احتجاجاً ہنہ اوڑک جانے والی سڑک کو دھرنا دیکر بند کردیا، حکومتی وفد کے مظاہرین سے مذاکرات مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ہنہ اوڑک کے علاقے کلی ببری میں 20سے25مسلح افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی جس پر علاقے کے عوام اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ ا س دوران فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا جس میں قریبی گاﺅں پر راکٹ بھی داغے گئے ۔ واقعہ کے خلاف ہنہ اوڑک کے علاقائی عمائدین آصف کاکڑ، مولوی رحمت اللہ ،عجب خان کاکڑ سمیت عوام کی بڑی تعداد نے پیر کو ہنہ اوڑک جانے والی شاہراہ کو دھرنا دیکر بند کردیا ۔اس دوران صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ سمیت انتظامیہ اور پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کیے ۔ بعدازاں عمائدین کے وفد نے آئی جی پولیس بلوچستان سے بھی ملاقات کی ۔آئی جی پولیس نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ علاقے کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاہم علاقے کے عوام نے تحفظ کی فراہمی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا ۔ بعدازاں ایک بار پھر مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا گیا جو رات گئے تک جاری رہا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں