گوادر(این این آئی)پاک چین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ (پی سی ٹی وی آئی) نے خزاں 2026 کیلئے داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ادارے کی جانب سے چھ ماہ دورانیے کے مختلف سرٹیفکیٹ پروگرامز پیش کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد نوجوانوں کو عملی اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ فنی مہارتیں فراہم کرنا اور ان کے روزگار کے امکانات کو بہتر بنانا ہے۔گوادر پرو کے مطابق ادارہ پانچ شعبوں میں تربیت فراہم کرے گا، جن میں کرین آپریٹر اور کار ڈرائیونگ، بوٹ مکینکس اور انجن مرمت، سلائی اور کٹنگ/درزی گری، جنرل اور سولر الیکٹریشن، اور موبائل ریپئرنگ شامل ہیں،یہ پروگرام گوادر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ہنر مند افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کےلئے ترتیب دیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق داخلہ نوٹس کے مطابق، وہ امیدوار درخواست دینے کے اہل ہوں گے جنہوں نے میٹرک میں کم از کم 45 فیصد نمبر حاصل کیے ہوں، اس کے علاوہ، ادارہ طلبہ کیلئے ٹیوشن فیس میں رعایت پر مبنی وظائف بھی فراہم کر رہا ہے جبکہ مستحق اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو مالی معاونت اور وظیفے بھی دیے جائیں گے۔چین کے تعاون سے قائم ہونے والا پی سی ٹی وی آئی ساحلی شہر گوادر میں فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کیلئے قائم کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد ایسی ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا ہے جو گوادر کی ترقی سے وابستہ ابھرتے ہوئے معاشی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔ ادارہ مقامی نوجوانوں اور خواتین سمیت مختلف طبقات کو تکنیکی شعبوں میں عملی تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ داخلہ ٹیسٹ اور انٹرویوز 20 جولائی 2026کو منعقد کیے جائیں گے۔
پی سی ٹی وی آئی میں خزاں 2026 کے داخلوں کا آغاز،فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 جولائی مقرر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل