یونیورسٹی آف لورالائی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کے درمیان تدریسی تربیت (Teaching Practice) کے حوالے سے اہم معاہدہ طے پا گیا

لورالائی (میاں محمدعامربشیرآرائیں)جامعہ لورالائی کے شعبہ ایجوکیشن کے طلباء و طالبات کی سرکاری اسکولوں میں عملی تدریسی تربیت (Teaching Practice) فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی آف لورالائی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس، ضلع لورالائی کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر باقاعدہ دستخط ہو گئے ہیں۔اس معاہدے پر یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) بختیار احمد خان کاکڑ نے دستخط کیے۔ اس تقریب میں گواہان کے طور پر چیئرپرسن شعبہ ایجوکیشن ڈاکٹر شاہجی احمد اور یونیورسٹی کے رجسٹرار خالد خان بھی موجود تھے اور انہوں نے دستاویزات پر دستخط کیے۔
معاہدے کی اہم تفصیلات و نکات:
تربیت کا مقصد: اس معاہدے کا بنیادی مقصد شعبہ ایجوکیشن کے طلباء کو ضلع لورالائی کے سرکاری اسکولوں میں عملی تدریسی تربیت کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے نظریاتی علم اور تدریسی مہارتوں کو حقیقی اسکول ماحول میں استعمال کر سکیں۔یہ معاہدہ دستخط کی تاریخ سے 3 سال کی مدت کے لیے نافذ العمل رہے گا، جسے فریقین کی باہمی رضامندی سے مزید آگے بڑھایا جا سکے گا۔ یونیورسٹی: طلباء کی فہرست ڈی ای او آفس کو فراہم کرے گی، نگرانی کے لیے فیکلٹی سپروائزرز نامزد کرے گی اور طلباء کی حاضری و کارکردگی کی مانیٹرنگ کرے گی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس و اسکولز: مناسب سرکاری اسکولوں میں طلباء کی تعیناتی، حاضری کا ریکارڈ برقرار رکھنے، اوریونیورسٹی سپروائزرز کے ساتھ مکمل تعاون کی سہولت فراہم کریں گے۔ محفوظ ماحول: معاہدے میں خصوصی طور پر طالبات کے لیے اسکولوں میں ایک محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول کی فراہمی پر زور دیا گیا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ اور ڈی ای او بختیار احمد خان کاکڑ نے اس معاہدے کو ضلع میں تعلیم کے معیار کی بلندی اور مستقبل کے اساتذہ کی بہترین تربیت کے لیے ایک انتہائی اہم اور مثبت قدم قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں