شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں رہتی دنیا تک حق و صداقت کا چراغ روشن رکھیں گی، فیصل جمالی

گنداخہ ( نامہ نگار ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا اسلامی تاریخ کا وہ عظیم باب ہے جس نے حق و باطل کے درمیان واضح لکیر کھینچ دی۔حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار رفقاءنے دینِ اسلام کی سربلندی، عدل و انصاف کے قیام اور انسانیت کے تحفظ کے لیے عظیم قربانیاں پیش کرکے قیامت تک آنے والی نسلوں کےلئے ایک روشن مثال قائم کیا،انہوں نے کہا کہ دس محرم الحرام کا دن ہمیں صبر، استقامت، قربانی، ایثار، وفاداری اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ میدانِ کربلا میں حضرت امام حسینؓ نے ظلم، جبر اور ناانصافی کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق و سچائی کا علم بلند رکھا اور اپنی جان سمیت اپنے اہلِ خانہ اور ساتھیوں کی قربانی پیش کرکے ثابت کیا کہ باطل قوتیں وقتی طور پر غالب آسکتی ہیں مگر حق ہمیشہ سربلند رہتا ہے۔سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک عظیم پیغام ہے جو ہر دور کے انسان کو ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے، انصاف کے قیام اور انسانی اقدار کے تحفظ کی تلقین کرتا ہے۔ شہدائے کربلا کی قربانیاں پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ ہیں اور ان کا پیغام محبت، اخوت، برداشت، اتحاد اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام ہمیں اپنے کردار، گفتار اور اعمال کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں،آج کے دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، معاشرے میں امن، بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں اور نفرت، انتشار اور فرقہ واریت سے گریز کریں۔صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی نے عوام سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور اتحادِ بین المسلمین کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور شہدائے کربلا کے عظیم مشن کو یاد رکھتے ہوئے حق، انصاف اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں رہتی دنیا تک حق و صداقت، صبر و استقامت اور ظلم کے خلاف جدوجہد کی علامت بنی رہیں گی اور ان کا پیغام ہمیشہ انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں