ٹرانسپورٹ مسائل حل کیے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں‘ ظاہر شاہ کاکڑ

کوئٹہ– آل پاکستان بس یونین اور پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت میں ٹرانسپورٹ سیکٹر ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ٹرانسپورٹروں کے مسائل حل کیے بغیر معاشی استحکام اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملک بھر میں اشیائے ضروریہ، تجارتی سامان اور مسافروں کی نقل و حمل میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کے جائز مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے محکمہ کسٹم کی جانب سے قومی شاہراہوں پر قائم غیر ضروری چیک پوسٹوں کے خاتمے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔بلکہ کاروباری سرگرمیوں اور بین الصوبائی تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری چیک پوسٹوں کے باعث ٹرانسپورٹرز کو وقت، ایندھن اور مالی وسائل کا اضافی نقصان برداشت کرنا پڑتا تھا جس سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہورہا تھا۔ظاہر شاہ کاکڑ نے کہا کہ حالیہ مذاکرات کے نتیجے میں حکومت، کسٹم حکام، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کے درمیان جو معاہدہ طے پایا ہے، اس پر مکمل اور مو¿ثر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ اگر معاہدے کی تمام شقوں پر سنجیدگی سے عمل کیا گیا تو اس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ برادری کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ ملکی تجارت اور معیشت کو بھی مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹروں اور تاجروں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، قومی شاہراہوں پر بلاجواز رکاوٹوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے ملکی تجارت اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹرانسپورٹ برادری اپنے حقوق کے تحفظ اور ملک میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آئندہ بھی مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں