وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام دوست بجٹ سے صنعت کا پہیہ تیز ہوگا، برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ ملے گا، تمام توجہ آبی ذخائر، آئی ٹی، زراعت اور معدنیات پر مرکوز ہے، خطے میں امن اور صورتحال معمول پر آنے کے مثبت اثرات عوام کو منتقل کریں گے، یہ ممکن نہیں کہ عوام قربانی دیں اور اشرافیہ مراعات حاصل کرتی رہے۔ حکومت نے جس قدر ممکن ہو سکا بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ، بجٹ میں ملک میں خواتین کو خودمختار بنانے اور ان کی قومی دھارے میں شمولیت میں اضافے کیلئے اقدامات شامل ہیں۔ پاکستانی خواتین کو ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے با اختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اللہ کے فضل و کرم سے خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹے اور امن کے قیام کی کوششیں بر آئیں، دوست ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے امن کے قیام کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دیا۔ کشیدگی کے آغاز سے ہی حکومت پاکستان بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور پوری ٹیم امن کے قیام کی کوششوں میں خلوص نیت کے ساتھ سرگرم عمل رہی۔ خطے اور عالمی امن کے دیر پا قیام سے ہی پاکستان اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی کا خواب پورا ہوگا، حکومت نے گزشتہ مہینوں میں عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے جس قدر ممکن ہو سکا بچانے کی بھرپور کوشش کی، اللہ کے فضل و کرم سے خطے کے دیگر ممالک کی طرح نہ تو ملک میں کوئی بحران آیا اور نہ ہی ایندھن کیلئے لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔ حکومتی ٹیم کی بہتر منصوبہ بندی کی بدولت نہ صرف عوام کو پریشانی سے جس قد ممکن ہوا بچایا گیا بلکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے متوسط و معاشی طور پر کمزور طبقوں کیلئے تاریخی پیکیج دیا گیا۔ حالیہ بحران میں سب سے پہلے قربانی کا آغاز کابینہ اور سرکاری اداروں سے کیا، یہ ممکن نہیں کہ اس ملک کے عوام قربانی دیں اور اشرافیہ مراعات حاصل کرتی رہے۔
وفاق کا عوام دوست بجٹ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل