جماعت کی حقیقی قوت یونٹوں کی فعالیت اور کارکنوں کی محنت سے وابستہ ہے ‘مولانا رفیق

کوئٹہ (پ ر)جمعیت علماءاسلام ضلع کوئٹہ کی ضلعی مجلسِ عاملہ کا اہم اجلاس ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیرِ صدارت ضلعی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جماعتی و تنظیمی امور ماتحت یونٹوں کی فعالیت کارکردگی اور تنظیمی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین نے شرکت کی اجلاس میں چاروں ٹاو¿ن کمیٹیوں نے بلدیاتی انتخابات، حلقہ بندیوں، تنظیمی سرگرمیوں اور یونٹوں کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے اپنی تفصیلی رپورٹس پیش کیں جن پر سیر حاصل بحث و تمحیص کی گئی۔ اجلاس میں تنظیمی استحکام عوامی رابطوں کے فروغ اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے کیے گئے مجلسِ عاملہ نے ضلع کوئٹہ کے تمام یونٹوں اور تحصیلوں کے دوروں کا فیصلہ کیا جس کا باقاعدہ شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ مزید برآں دورہ جات کی تکمیل کے بعد علماءکنونشن، تربیتی سیمینار اور جماعت میں نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کے لیے خصوصی پروگراموں کے انعقاد کی منظوری بھی دی گئی عوامی مسائل کے مو¿ثر حل اور سماجی خدمات کے فروغ کے لیے سماجی کمیٹیوں اور ضلعی مجلسِ شوریٰ کے عنقریب اعلان کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد اور دیگر نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام دینی قومی اور نظریاتی محاذ پر امتِ مسلمہ کے عقائد و اقدار کے تحفظ اور فتنوں کے سدباب کے لیے ایک مضبوط ڈھال کی حیثیت رکھتی ہے۔ جماعت کی حقیقی قوت یونٹوں کی فعالیت اور کارکنان کی محنت سے وابستہ ہے، لہٰذا تمام ذمہ داران اپنے فرائض منصبی کو احساسِ ذمہ داری، اخلاص اور دیانت داری کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ یونٹوں کی سطح پر جماعتی کارکردگی کو مزید مو¿ثر اور فعال بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے۔ تنظیمی ذمہ داریوں میں غفلت، سستی یا کوتاہی کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگی نظم و ضبط، جوابدہی اور تنظیمی اصولوں کی پابندی ہر ذمہ دار پر لازم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعتی نظم و ضبط کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا تنظیمی امور میں کمزوری یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں