بھرتیوں میں میرٹ و شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ‘الیاس کبزئی

سبی (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت ضلع سبی میں محکمہ تعلیم کے زیرِ انتظام فیز-IV اساتذہ بھرتیوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں بھرتیوں کی موجودہ صورتحال، اسناد کی تصدیق کے جاری مراحل اور اس سلسلے میں حائل مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈویڑنل ڈائریکٹر تعلیم بلال احمد خان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو کے علاوہ محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ ڈویڑنل ڈائریکٹر تعلیم بلال احمد خان نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ شارٹ لسٹ امیدواروں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا کام تسلی بخش رفتار سے جاری ہے اور اب تک قریباً پچاس فیصد امیدواروں کی ویریفکیشن مکمل ہو چکی ہے، باقی ماندہ امیدواروں کا کام بھی مختصر وقت میں نمٹا لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام امیدواروں کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد ہی تقرری کے احکامات یکمشت جاری کیے جائیں گے، جس کا مقصد بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ برقرار رکھنا ہے۔ صحافی رئیس علی ہانبھی کے مطابق اجلاس کی اطلاعات موصول ہوئی کہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت دی کہ اسناد کی تصدیق کا عمل مزید تیز کیا جائے تاکہ امیدواروں میں پائی جانے والی بے چینی دور ہو اور بھرتیوں کا مرحلہ جلد از جلد طے ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے واضح کیا کہ بھرتیوں کے معاملے میں میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ روا نہیں رکھا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے ہدایت کی کہ امیدواروں اور عام شہریوں کو بھرتیوں کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے وقتاً فوقتاً مطلع رکھا جائے، جس سے غلط افواہوں اور بے بنیاد خبروں کا راستہ روکا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ فیز-IV کے تحت اساتذہ کی بھرتیوں کا عمل جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا، جس سے ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی دور ہوگی اور بچوں کے معیارِ تعلیم میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں