خواتین کاروباری افراد کےلئے ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام

کوئٹہ(خ ن)ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، کوئٹہ کے زیرِ اہتمام خواتین کاروباری افراد کے لیے ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کا انعقاد کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد خواتین کاروباری افراد کو جدید ڈیجیٹل ذرائع سے روشناس کرانا، آن لائن کاروبار کے فروغ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔پروگرام کے ابتدائی کلمات آصف ابڑو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، کوئٹہ نے پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت اور خواتین کاروباری افراد کے لیے جدید ڈیجیٹل ذرائع سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ مزید انہوں نے بتایا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) پورے ملک میں کاروباری خواتین کی استعداد کار بڑھانے اور ان کے کاروبار کو برآمدات کے معیار لانے کیلئے پوری طرح سے کام کررہا۔ پروگرام کی تربیتی نشست میڈم حریم نے منعقد کی، جس کے دوران شرکاءکو موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے مو¿ثر استعمال، آن لائن مارکیٹنگ، سوشل میڈیا کے ذریعے کاروباری تشہیر، مصنوعات کی مو¿ثر ڈیجیٹل نمائش، صارفین تک رسائی اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے مختلف طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔ٹریننگ کے دوران شرکاءکو عملی طور پر یہ بھی بتایا گیا کہ کس طرح کم وسائل کے ساتھ ڈیجیٹل ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی مصنوعات اور خدمات کو وسیع تر صارفین تک پہنچایا جا سکتا ہے اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں کاروباری مواقع سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔پروگرام میں خواتین کاروباری افراد نے بھرپور شرکت کی اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے اپنے کاروبار کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔پروگرام کے اختتامی کلمات کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے پیش کیے۔ انہوں نے خواتین کاروباری افراد کی استعدادِ کار بڑھانے اور انہیں جدید کاروباری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایسے تربیتی پروگراموں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور TDAP کی جانب سے اس اقدام کو سراہا۔منتظمین کے مطابق، خواتین کاروباری افراد میں ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ انہیں اپنے کاروبار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، نئی مقامی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور معاشی طور پر مزید بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں