وزیر خزانہ کا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی تعاون فراہم کرنے کےلئے ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی تعاون فراہم کرنے کےلئے ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں اضافے کیلئے پورے بینکاری شعبے کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، حکومت مالیاتی شعبے میں اصلاحات اور پائیدار معاشی ترقی کے وسیع تر ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ وہ منگل کو کراچی میں منعقدہ پاکستان بینکنگ سمٹ 2026 سے خطاب کررہے تھے۔وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ ٹاسک فورس سٹیٹ بینک کی سربراہی میں کام کرے گی جس میں پاکستان بینکس ایسوسی ایشن ، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)، ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ نمائندے شامل ہوں گے،اس کا مقصد ایس ایم ایز کیلئے مالی معاونت کو بہتر بنانے اور بینکاری شعبے میں قرضوں تک رسائی کو مزید وسعت دینے کیلئے قابلِ عمل سفارشات مرتب کرنا ہوگا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے حصول کیلئے بینکاری شعبے کا کردار نہایت اہم ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، برآمدات، زراعت، صنعت، تعمیرات، ہاو¿سنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایس ایم ایز کو مالی سہولیات کی فراہمی صرف چند اداروں کی نہیں بلکہ پورے بینکاری شعبے کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہونی چاہیے، مالی سال27-2026 کے وفاقی بجٹ میں ان شعبوں کیلئے ضروری مالی وسائل پہلے ہی مختص کیے جا چکے ہیں۔وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال مضبوط بنیادوں پر اختتام پذیر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ بنیادی مالیاتی سرپلس، حالیہ برسوں کا کم ترین مالیاتی خسارہ، قرضوں کے بہتر اشاریے، حسابات جاریہ کے کھاتوں کی مستحکم کارکردگی، ترسیلاتِ زر کی ریکارڈ آمد، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور پاکستان کی بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی( جن میں ملک کا پہلا پانڈا بانڈ بھی شامل ہے)اس مثبت پیش رفت کے نمایاں عوامل ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کو برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور پالیسیوں کے تسلسل پر پوری طرح کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ میں ٹیکس اور مالیاتی شعبے سے متعلق متعدد اہم اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ ملکی مسابقت میں اضافہ ہو، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو، برآمد کنندگان، زرعی اور صنعتی شعبوں کو سہولت ملے اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ حکومت کاروباری برادری کو زیادہ یقین دہانی اور پالیسیوں میں پیش بینی فراہم کرنے کیلئے درمیانی مدت کی ٹیکس حکمتِ عملی متعارف کرائے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں