کراچی–پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزبیشن انڈسٹری (پائی)اور ہینان سیساس ہیومن ریسورسز کمپنی لمیٹڈ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر دونوں جانب سے پاک چین دوطرفہ تعلقات، کاروباری روابط کے فروغ اور نمائشوں کے ذریعے دونوں ممالک کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہینان سیساس ہیومن ریسورسز کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر رضوان علی، ڑونگتائی اسپیشل کیبل ٹیکنالوجی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو شو ڈونگ ہائی، ڈائریکٹر وانگ فانگ اور چوہدری جاوید صابر نے پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزبیشن انڈسٹری کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں پائی کے بانی چیئرمین خورشید برلاس اور ایگزیکٹو ممبر توصیف زمان سے ملاقات کی۔اس موقع پر خورشید برلاس نے کہا کہ عالمی سطح پر بدلتے حالات، سیاسی تبدیلیوں اور معاشی اتار چڑھا کے باوجود پاک چین دوستی انتہائی مضبوط اور مستحکم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کیلئے اہمیت رکھتے ہیں۔مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے نمائشوں، کاروباری کانفرنسوں اور دیگر متعلقہ تقریبات کے انعقاد میں تعاون کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو ایک دوسرے کے ساتھ روابط بڑھانے اور کاروباری مواقع تلاش کرنے میں سہولت فراہم کی جائے گی۔فریقین نے تجارت اور کاروبار دوست پالیسیوں میں بہتری، معلومات کے تبادلے اور کاروباری وفود کے براہ راست اجلاسوں کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ادارے اپنے اپنے کاروباری نمائندوں کی قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے بھی تعاون کریں گے۔خورشید برلاس نے کہا کہ **ہماری کوششیں تجارت، کاروبار اور دوستانہ پالیسیوں میں بہتری لانے کیلئے ہیں۔** انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے نجی شعبے کو اپنا کردار مثر انداز میں ادا کرنا ہوگا۔ملاقات میں چین میں میڈ ان پاکستان نمائش کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کیلئے ہینان سیساس ہیومن ریسورسز کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اسی طرح پاکستان میں **میڈ ان چائنا** نمائش کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور آئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کی مصنوعات کو متعارف کرانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ باہمی نمائشوں اور کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اور چین کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مزید مستحکم کیے جا سکتے ہیں، جس سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزبیشن انڈسٹری کی جانب سے بانی چیئرمین خورشید برلاس نے چینی وفد کو شیلڈ بھی پیش کی۔
پاک چین تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل