اسرائیل کا غزہ میں جنازے پر حملہ،9سوگوار شہید، 20زخمی،حماس کی شدید مذمت

غزہ(این این آئی)غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک جنازے کے لیے جمع شہریوں پر اسرائیل کے براہ راست حملے میں 9فلسطینی جاں بحق جبکہ 20افراد زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب فلسطینی شہری ایک ایسے شخص کی نمازِ جنازہ ادا کر رہے تھے جو اسی روز ہونے والے ایک اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوگیا تھا۔ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو میں نصیرات کے العودہ اسپتال کی انتظامیہ نے بتایا کہ جنازے میں شریک سوگواروں کو براہِ راست نشانہ بنانے کے واقعے میں 9فلسطینی شہید اور 20زخمی ہوگئے۔تاحال اس شخص کی شناخت سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئی جس کے نماز جنازہ میں بھی اسرائیل نے حملہ کرکے نے انسانی حقوق کی تمام حدوں کو پار کرلیا۔ حماس نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک گھناﺅنا جرم ہے جو ایسے وقت میں کیا گیا جب اسرائیل غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ترجمان حماس نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں ثالث ممالک اور عالمی برادری کی موجودگی میں بھی نہ رک سکیں اور معصوم فلسطینیوں کا قتل جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں