درآمدی پیٹرول مارکیٹ نہ پہنچ سکا، ملک میں صرف 15 دن کا ذخیرہ باقی رہ گیا

اسلام آباد(15 جولائی 2026)آئل کمپنیز ایڈوائزی کونسل نے حکومت کو ملک میں پیٹرول کی ممکنہ قلت سے خبردار کرتے ہوئے پیٹرول کی سپلائی برقرار رکھنے کےلئے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق آئل کمپنیز ایڈوائزی کونسل نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول کا ذخیرہ تقریبا 370ہزار ٹن ہے جو صرف 15روز کی کوریج کیلئے باقی ہے، کسٹمز میں مزید تاخیر سے ملک کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔آئل کمپنیز ایڈوائزی کونسل کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 66.7ارب روپے کے زیر التوا کلیمز فوری جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی بحران کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی درآمدی صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔او سی اے سی نے حکومت سے درآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی فوری کسٹمز کلیئرنس اور ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے اور مقامی سطح پر قلت کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں