واشنگٹن / تہران(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی دوبارہ ناکہ بندی کا اعلان کردیا جس کے مطابق ایرانی جہازوں پر پابندی ہوگی جبکہ دیگر ممالک کے کارگو جہازوں سے 20 فیصد فیس وصول کی جائی گی۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کو آبنائے ہرمز کے محافظ کے نام سے جانا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ناکہ بندی صرف ایرانی بحری جہازوں اور ان کے گاہکوں کو روکے گی، ایران کے علاوہ دیگر ممالک کو آبنائے ہرمز آزادانہ استعمال کی مکمل اجازت ہوگی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام کارگو کی حفاظت کیلئے 20 فیصد کی شرح سے سیکیورٹی فیس لیں گے۔ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی اور نئے طریقہ کار کا عمل فوری شروع کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کر رہے ہیں، ہم آبنائے ہرمز کے سرپرست بنیں گے۔امریکی میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہمیں آبنائے ہرمز کی نگرانی کے عوض معاوضہ ملے گا۔ ہم آبنائے ہرمز کو اپنے پاس رکھیں گے اور شاید اسے ہم ہی چلائیں۔

اس پر ردِ عمل دیتے ہوئے ایران کی اعلی مشترکہ فوجی کمان خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے انتظامات میں امریکی مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔ترجمان خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی فوج کے ساتھ رابطہ کیے بغیر ہرمز میں امریکی انتظامی سرگرمی کی مزاحمت کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ ہرمز کے مقررہ راستوں کے علاوہ آمدورفت کا انتظام کرنے کی کوشش کو سخت مزاحمت کا سامنا ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ امریکا سے تعاون اور لاجسٹک مدد کو ایران کی خودمختاری، سلامتی کے خلاف جنگ سمجھا جائے گا، یہ جنگ خطے کے تمام ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
ٹرمپ کا ایرانی جہازوں کیلئے آبنائے ہرمز کی دوبارہ ناکہ بندی ‘آبنائے ہرمز میں امریکہ کو مداخلت کرنے نہیں دیں گے، ایرانی فوج