میلونی نے مجھ سے تصویر کھنچوانے کی منت سماجت کی،صدر ٹرمپ

اپنی مقبولیت کی فکر کریں،میلونی کا ٹرمپ کو کرارا جواب، سفارتی تنازع بڑھ گیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اٹلی کی وزیر اعظم جورجیا میلونی کے درمیان سفارتی تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات دیے ہیں، جس کے بعد امریکا اور اٹلی کے تعلقات میں کشیدگی کی نئی لہر پیدا ہوگئی ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تنازع اس وقت شروع ہوا جب صدر ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں دعوی کیا کہ حالیہ جی 7 سربراہی اجلاس کے دوران جورجیا میلونی نے ان کے ساتھ تصویر بنوانے کیلئے بار بار درخواست کی تھی اور انہوں نے صرف ہمدردی کے باعث اس کی اجازت دی۔ٹرمپ کے اس بیان پر اطالوی وزیر اعظم نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا۔ میلونی نے کہا کہ ایسی باتیں حقیقت کے منافی ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔بعد ازاں صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک اور بیان جاری کرتے ہوئے دعوی کیا کہ میلونی نے متعدد مرتبہ تصویر کیلئے درخواست کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اٹلی نے ایران کے خلاف امریکی کارروائی کی حمایت نہیں کی اور اب امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف امریکی کامیابی کے بعد میلونی دوبارہ دوستی قائم کرنا چاہتی ہیں تاکہ اندرونِ ملک اپنی سیاسی مقبولیت میں اضافہ کر سکیں۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ اٹلی نے ایران تنازع کے دوران امریکی فوج کو بعض فوجی سہولیات استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔دوسری جانب جورجیا میلونی نے انسٹاگرام پر جاری اپنے سخت بیان میں کہا کہ ٹرمپ کی مسلسل اور بلا اشتعال تنقید بے معنی اور غیر ضروری ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں