ژوب(بیور چیف رفیق قیصرانی) سلام ٹیچر ڈے کے عالمی دن کی مناسبت سے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول ژوب میں ایک پروقار اور عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا انعقاد گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کے تعاون اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ژوب کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خاص گورنر بلوچستان کے فرزند بیرسٹر شیخ امیر خان مندوخیل تھے۔ پروگرام میں ڈائریکٹر سکولز ژوب ڈویژن لعل جان موسیٰ خیل، ڈائریکٹر بیوٹمز کیمپس ڈاکٹر عبدالسلام لودھی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شیخ موسیٰ خان مندوخیل، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن وزیر خان ناصر، نائب تحصیل دار جمیل الرحمان اور دیگر علاقائی و تعلیمی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شیخ موسیٰ خان مندوخیل، مہمانِ خاص بیرسٹر امیر خان مندوخیل، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر رحیم مندوخیل، ڈاکٹر عبدالسلام لودھی، نائب تحصیل دار جمیل الرحمان اور جی ٹی اے کے ضلعی صدر مولوی مشہود شاہ نے اساتذہ کرام کی عظمت، قربانیوں اور سماجی وقار کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ معاشرے کا سرِفرست اور معمارِ قوم ہیں، جن کی محنت اور رہنمائی کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ کا احترام صرف ایک دن تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ ہمارا دائم اخلاقی و مذہبی فریضہ ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ صوبے بالخصوص ژوب ڈویژن میں معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بکارِ لائے جا رہے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک روشن اور مستحکم مستقبل دیا جا سکے۔بیرسٹر شیخ امیر خان مندوخیل نے اپنے خطاب میں اساتذہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ضلع ژوب میں تعلیم کی شمع کو روشن رکھنے کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
تقریب کے اختتام پر شاندار خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کرام کی حوصلہ افزائی کیلئے ان میں تحائف اور قدر افزائی کی اسناد تقسیم کی گئیں،
سلام ٹیچر ڈے، گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول ژوب میں پروقار اور عظیم الشان تقریب