تحریر: پون شیوانی
ڈسٹرکٹ حب سے ضلع لسبیلہ تک مختلف رورل ہیلتھ سینٹرز (RHC) کے ایمبولینس ڈرائیور محکمہ صحت کا وہ اہم ستون ہیں جو دن رات ہر موسم اور ہر ہنگامی صورتحال میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سڑکوں پر موجود رہتے ہیں ۔ جب بھی کسی مریض کی جان بچانے کے لیے ایمبولینس کی ضرورت پیش آتی ہے تو یہی ڈرائیور بلا تاخیر اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے روانہ ہو جاتے ہیں ۔ یہ ڈرائیور نہ اضافی ڈیوٹی سے گریز کرتے ہیں اور نہ ہی 24 گھنٹے خدمات انجام دینے سے ۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ ہر وقت اپنے فرائض ادا کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ تاہم ان کا ایک ایسا جائز مسئلہ ہے جس پر حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت کی فوری توجہ ضروری ہے۔م
وجودہ حاضری کے نظام کے تحت ایمبولینس ڈرائیوروں کو موبائل فون کے کیمرے کے ذریعے دن میں کئی مرتبہ حاضری لگانی پڑتی ہے۔ ڈیوٹی شروع کرنے سے پہلے مریض کو منتقل کرکے واپس آنے کے بعد ڈیوٹی ختم ہونے پر، اور اگر کسی بھی وقت ایمرجنسی کال موصول ہو تو دوبارہ اسپتال پہنچ کر بھی حاضری دینا لازم ہے۔ اس عمل کے باعث انہیں ہر وقت اسمارٹ فون اپنے ساتھ رکھنا پڑتا ہے حالانکہ ان کی ڈیوٹی زیادہ تر سڑکوں پر گزرتی ہے اور ہر ڈرائیور مہنگا ٹچ موبائل خریدنے کی مالی استطاعت نہیں رکھتا۔ ایمبولینس ڈرائیوروں کا مؤقف ہے کہ انہیں کیمرے یا بائیومیٹرک حاضری پر کوئی اعتراض نہیں۔ ان کی صرف یہ گزارش ہے کہ رورل ہیلتھ سینٹرز (RHC) کے اندر ہی حکومت کی جانب سے مستقل حاضری کا نظام نصب کیا جائے، تاکہ ڈیوٹی کے آغاز یا اختتام پر ایک منظم طریقے سے حاضری درج ہو سکے اور انہیں بار بار ذاتی موبائل استعمال کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔ یہ مطالبہ کسی اضافی سہولت کا نہیں بلکہ ڈیوٹی کی نوعیت کے مطابق ایک مناسب انتظامی اصلاح کا ہے۔ جو ملازمین چوبیس گھنٹے عوام کی جانیں بچانے کے لیے تیار رہتے ہیں، ان کے لیے ایسا نظام ہونا چاہیے جو ان کے فرائض میں رکاوٹ کے بجائے آسانی پیدا کرے۔
امید کی جاتی ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان، سیکریٹری صحت بلوچستان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور متعلقہ حکام اس مسئلے کا سنجیدگی سے جائزہ لیں گے اور ایمبولینس ڈرائیوروں کے لیے ایسا حاضری نظام متعارف کرائیں گے جو جدید مؤثر اور ان کی عملی ذمہ داریوں سے ہم آہنگ ہو۔ ایمبولینس ڈرائیوروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ان کی آواز کو سننا اور ان کے جائز مسائل کا حل نکالنا نہ صرف ایک انتظامی ذمہ داری ہے بلکہ عوامی خدمت کے اس اہم شعبے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب بھی ایک مثبت قدم ہوگا۔
آر ایچ سی کے ایمبولینس ڈرائیور عوام کی خدمت میں شب و روز مصروف