صحبت پور:(نامہ نگار وقار احمد کاکڑ)صحبت پور: مانجھوٹی شاخ میں گوٹھ فیصل آباد گولہ کے سامنے سائیڈ پر تقریباً 50 فٹ چوڑا شگاف پڑنے کے باعث نہری پانی بے قابو ہو کر قریبی دیہات میں داخل ہوگیا۔ شگاف گوٹھ صیف اللہ خان کھوسہ اور فضل الکریم کی جانب واقع ہے، جہاں پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شگاف کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب آگئی ہے، جس سے کھڑی فصلوں اور کاشتکاری کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے مکین اپنی مدد آپ کے تحت پانی کا رخ موڑنے اور نقصان کو کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
علاقہ مکینوں اور زمینداروں نے محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شگاف کو ہنگامی بنیادوں پر بند کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید دیہات، زرعی اراضی اور آبادی کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
مانجھوٹی شاخ میں 50 فٹ چوڑا شگاف، ہزاروں ایکڑ اراضی زیرِ آب، متعدد دیہات متاثر