ایران کا بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

تہران۔۔ایرانی پاسدارن انقلاب نے بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔پاسدارن انقلاب کے مطابق بحرین کے السخیر ائیر بیس پر امریکی افواج کے زیر استعمال ڈرونز کی دیکھ بھال اور ذخیرہ کرنے والی تنصیبات کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔ بحرین کی سلمان بندرگاہ پر امریکی ٹاسک فورس 59کے جہازوں کی تیاری اور معاونت کیلئے استعمال ہونے والی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، حملے میں یہ تنصیبات تباہ ہوگئیں اور وہاں موجود جہازوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔پاسداران انقلاب کے مطابق کویت کی عارف جان بیس پر بھی امریکی بحریہ کیلئے معاونت، رسد اور سازوسامان سے متعلق تنصیبات کو نشانہ بناکر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔بیان میں امریکی صدر کے حالیہ بیانات کو بھی مسترد کیا گیا، جن میں کہا گیا تھا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون ذخائر کم ہوتے جا رہے ہیں۔ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ ایران اب بھی نمایاں فوجی صلاحیت رکھتا ہے اور اگر تنازع جاری رہا تو امریکا کے خلاف میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے۔دوسری جانب کویتی وزارت دفاع نے کہاہے کہ فضائی دفاع اس وقت ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں سے نمٹنے میں مصروف ہے۔کویتی حکام کے مطابق ائیر ڈیفنس سسٹم کی کارروائیوں کے نتیجے میں دھماکوں کی گونج سنائی دی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں