وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے حاجی محمد خان طور اتمانخیل کی ملاقات،لورالائی کے زیتون بطورِ تحفہ پیش

لورالائی(میاں محمدعامربشیرآرائیں)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین سے ان کے دفتر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان اور خادمِ لورالائی حاجی محمد خان طور اتمانخیل، معروف کاروباری شخصیت سردار محمد حسن ترین اور سیلز اینڈ مارکیٹنگ ہیڈ قاسہ محمد آصف نے ملاقات کی۔
ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، بالخصوص زرعی شعبے کی ترقی، زیتون کی کاشت، کسانوں کو درپیش مسائل، زرعی پیداوار میں اضافے اور ضلع لورالائی میں زرعی امکانات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بلوچستان خصوصاً لورالائی میں زیتون کی کاشت کے فروغ، ویلیو ایڈیشن، برآمدات اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے لورالائی کی پہچان سمجھے جانے والے اعلیٰ معیار کے زیتون بطورِ تحفہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کو پیش کیے۔ وفاقی وزیر نے اس تحفے کو سراہتے ہوئے کہا کہ لورالائی کا زیتون اپنے بہترین معیار اور ذائقے کی وجہ سے ملک بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت زیتون کی کاشت اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستان خوردنی تیل کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کر سکے اور کسانوں کی آمدن میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ بلوچستان، خصوصاً لورالائی، زیتون کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں علاقہ ہے اور حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری، جدید سہولیات اور کسانوں کی رہنمائی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے زرعی شعبے کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافے اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات کے دوران لندن میں پاکستانی مصنوعات کی بہترین مارکیٹنگ اور مثبت انداز میں نمائندگی کرنے پر معروف کاروباری شخصیت سردار محمد حسن ترین کو وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی جانب سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی مصنوعات کا مؤثر تعارف اور مارکیٹنگ ملکی برآمدات میں اضافے اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اس موقع پر حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لورالائی اور بلوچستان کے زرعی شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جسے بروئے کار لا کر نہ صرف مقامی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ ملکی زرعی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت کی خصوصی توجہ سے لورالائی میں زیتون کی کاشت، پروسیسنگ اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں مزید ترقی ہوگی، جس سے کسانوں اور مقامی معیشت کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دے کر لورالائی سمیت بلوچستان کے زرعی شعبے کی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور مقامی مصنوعات کو قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں