کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد ایک جانب معصوم شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب معاشرے میں انتشار اور تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت، عوام اور سیکیورٹی ادارے متحد ہو کر ان کے تمام عزائم ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن بلوچستان کے عوام پر اپنا نظریہ بندوق کے زور پر مسلط نہیں کر سکتا اور نہ ہی ریاست اپنے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداءکی قربانیوں کا بدلہ لیا جائے گا اور قانون کے مطابق دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت پوری قوت، عزم اور ذمہ داری کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیارت میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت، فاتحہ خوانی اور اظہارِ ہمدردی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو، صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداءپوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ حکومت شہداءکے خاندانوں کی کفالت، بچوں کی تعلیم، فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے اور انہیں ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا انہوں نے کہا کہ انہیں شہداءکے اہل خانہ کے دکھ، غم اور جذبات کا مکمل احساس ہے۔ ایک ذمہ دار عوامی نمائندے کی حیثیت سے وہ اس سانحے پر شدید رنجیدہ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں لڑنے والے پولیس، لیویز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو جدید اسلحہ، بہتر سازوسامان اور تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ مزید م¶ثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں حکومت کے عزم، نیت اور استقامت میں کوئی کمزوری نہیں آئے گی۔ وسائل کے حوالے سے چیلنجز اپنی جگہ موجود ہو سکتے ہیں، لیکن بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ، پائیدار امن اور صوبے کی ترقی کیلئے حکومت کا عزم غیر متزلزل ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل، عوام کے تعاون اور سیکیورٹی فورسز کی بہادری سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور شہداءکی عظیم قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
دہشتگردی کےخلاف جنگ میں شہداءکی قربانیوں کا بدلہ لیا جائےگا ‘ سرفراز بگٹی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل