وفاق المدارس العربیہ پاکستان۔دینی تعلیم، اتحادِ امت اور علمی وقار کی عظیم علامت

وفاق المدارس العربیہ پاکستان برصغیر کے دینی تعلیمی اداروں کا سب سے بڑا اور موثر تعلیمی وفاق ہے جس نے نصف صدی سے زائد عرصے سے قرآن و سنت کی تعلیم، دینی مدارس کے تعلیمی معیار، علمی وقار اور فکری اعتدال کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ صرف ایک امتحانی بورڈ نہیں بلکہ لاکھوں طلبہ، ہزاروں مدارس اور علماءِ کرام کے درمیان اتحاد، اعتماد، نظم اور اجتماعی شعور کی ایک مضبوط علامت ہے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام ملک کے طول و عرض میں ہزاروں دینی مدارس وابستہ ہیں جہاں لاکھوں طلبہ قرآنِ کریم، حدیثِ نبوی ، فقہ، تفسیر، عربی زبان اور دیگر اسلامی علوم کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان مدارس سے فارغ التحصیل علماءدنیا کے مختلف ممالک میں دینِ اسلام کی خدمت، دعوت و تبلیغ، اصلاحِ معاشرہ، تدریس اور تصنیف و تالیف کے ذریعے امتِ مسلمہ کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ وفاق المدارس کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا شفاف امتحانی نظام، معیاری نصاب اور دینی مدارس کی آزادی کا تحفظ ہے۔ ہر سال لاکھوں طلبہ امتحانات میں شریک ہوتے ہیں اور میرٹ کی بنیاد پر نتائج کا اعلان کیا جاتا ہے جس سے اس ادارے کی ساکھ اور عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوتا ہے۔ یہ وفاق ہمیشہ اعتدال، رواداری، اخوت اور اتحادِ امت کا داعی رہا ہے۔ اس نے ہر دور میں دینی مدارس کے تشخص کے تحفظ، دینی تعلیم کے فروغ اور علماء و طلبہ کی علمی تربیت کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ملک میں جب بھی مدارس کو درپیش مسائل سامنے آئے وفاق المدارس نے حکمت، بصیرت اور اجتماعی قیادت کے ذریعے ان کے حل کے لیے مو¿ثر کردار ادا کیا۔ مدرسہ عربیہ بحرالعلوم گھوڑا ہسپتال روڈ چمن میں ایک تعلیمی تقریب سے جامعہ ھذا کے نائب مہتمم مولانا ندا محمد حقانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے جدید تقاضوں کو بھی پیشِ نظر رکھا ہے اور دینی تعلیم کے ساتھ نظم و ضبط، تحقیق، کردار سازی اور معاشرتی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے وابستہ مدارس صرف علماء ہی نہیں بلکہ باکردار، ذمہ دار اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار افراد بھی معاشرے کو فراہم کرتے ہیں۔ آج جب دنیا مختلف فکری اور اخلاقی چیلنجز سے دوچار ہے وفاق المدارس العربیہ پاکستان دینی تشخص، اسلامی اقدار اور علمی روایت کے تحفظ میں ایک مضبوط قلعے کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے اکابرین کی اخلاص پر مبنی قیادت، اساتذہ کی محنت اور طلبہ کی علمی کاوشیں اس ادارے کو امتِ مسلمہ کےلئے امید اور اعتماد کا مرکز بناتی ہیں۔
اللہ رب العزت سے دعاءہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کو مزید ترقی، استحکام اور قبولیت عطاءفرمائے، اس کے اکابرین، اساتذہ اور طلبہ کی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور اسے دینِ اسلام کی خدمت، امت کے اتحاد اور وطنِ عزیز پاکستان کی فکری و اخلاقی تعمیر کا مو¿ثر ذریعہ بنائے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں