گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول ڈیرہ اللہ یار میں اساتذہ کرام کے لیے مالیاتی آگاہی سیشن

جعفرآباد (نامہ نگار مقصود احمد مہر) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام (NFLP) کے تحت 21 اکتوبر 2026ء کو گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول ڈیرہ اللہ یار میں اساتذہ کرام کے لیے مالیاتی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کے دوران ماسٹر ٹرینر قائم خان نے اساتذہ کو مالیاتی امور کے اہم پہلوؤں سے آگاہ کرتے ہوئے بجٹ سازی، بچت کی اہمیت، آمدن و اخراجات میں توازن، قرض کے درست استعمال اور بینکنگ فراڈ سمیت آن لائن مالیاتی اسکیموں سے محفوظ رہنے کے طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ہیڈ ماسٹر سمیت اسکول کے معزز اساتذہ مقبول احمد مہر، محمد خان راہوجہ، وحید علی بھنگر، رحمت اللہ ابڑو، عبدالنبی بھنگر، محمد مراد زہری اور شہزادہ خان چاچڑ سمیت دیگر اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ شرکاء نے سیشن کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں مالیاتی آگاہی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ مالی معاملات کی بہتر منصوبہ بندی، بچت کی عادت اپنانے اور آمدن و اخراجات میں توازن برقرار رکھنے سے معاشی مشکلات پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ مالیاتی فراڈ اور غیر قانونی آن لائن اسکیموں سے بچاؤ کے لیے بھی شعور ضروری ہے۔
سیشن کے اختتام پر ماسٹر ٹرینر قائم خان نے نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے اساتذہ میں مالیاتی شعور اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں