نصیرآباد (نامہ نگار راضی خآن مری)
ڈیرہ مراد جمالی میں الرحیم ٹرسٹ، دکھی انسانیت ویلفیئر فاؤنڈیشن اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے انسانیت کی خدمت کی شاندار مثال قائم، غریب اور مستحق مریضوں کے آنکھوں کے مفت آپریشن کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق الرحیم کلینک ڈیرہ مراد جمالی میں دو روزہ مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کی زیر نگرانی الرحیم ٹرسٹ کے ماہر امراض چشم *ڈاکٹر حماد اللہ زہری*، دکھی انسانیت ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین *سید بلال شاہ بخاری* اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کوہلو کے چیئرمین *وڈیرہ اصغر مری* نے کی۔
کیمپ میں کوہلو اور ڈیرہ مراد جمالی کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں غریب، نادار اور مستحق مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور ڈاکٹر حماد اللہ زہری نے متعدد مریضوں کے آنکھوں کے مفت آپریشن کیے۔
الرحیم ٹرسٹ اور دکھی انسانیت خدمت ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فری آئی کیمپ میں ، کوہلو سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ بچہ جو بینائی سے محروم تھا، کامیاب آپریشن کے بعد اس کی آنکھوں کی روشنی بحال ہوگئی۔*
*الحمدللہ آپریشن کامیاب رہا اور جیسے ہی بچے کی آنکھوں سے پٹی ہٹائی گئی تو اس کے چہرے پر خوشی کی مسکراہٹ آگئی اور وہ اپنے والدین سے لپٹ گیا۔*
بچے کے والدین نے آبدیدہ ہوتے ہوئے الرحیم ٹرسٹ، دکھی انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید بلال شاہ بخاری، خدمت خلق فاؤنڈیشن اور ڈاکٹر ماہر امراض چشم ڈاکٹر حماداللہ زہری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے پاس مہنگے علاج کے پیسے نہیں تھے، ان فرشتہ صفت لوگوں نے ہمارے بچے کو نئی زندگی دی ہے۔
اس فری کیمپ میں کوہلو اور ڈیرہ مراد جمالی کے درجنوں دیگر غریب اور مستحق مرد و خواتین کے بھی آنکھوں کے مفت آپریشن کیے گئے اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر منتظمین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں غریب عوام مہنگے علاج سے محروم ہیں، ہماری کوشش ہے کہ بلا تفریق انسانی خدمت کو جاری رکھا جائے۔ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
علاقہ مکینوں نے الرحیم ٹرسٹ اور دونوں فاؤنڈیشنز کے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فری کیمپ غریب عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ ہم عوامی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں