اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر مشترکہ غذائی تحفظ جیسے انتہائی اہم اور توجہ طلب موضوع کے لیے بامعنی باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی شعبہ میں جدت اور قدرتی و ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت درحقیقت پائیدار ترقی و خوشحالی اور مستقبل میں غذائی تحفظ کی ضمانت ہے،ہر شہری کو غذائیت سے بھرپور خوراک کی دستیابی کے لیے کاوشیں حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں ۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق عالمی یوم خوراک پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی یوم خوراک کے موقع پر پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر مشترکہ غذائی تحفظ جیسے انتہائی اہم اور توجہ طلب موضوع کیلئے بامعنی باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اور عالمی سطح پر غذائی تحفظ کومتعدد چیلنجز کا سامنا ہے، قدرتی و ماحولیاتی مسائل ،غیر معمولی موسمیاتی تبدیلی ان چیلنجز میں سرِ فہرست ہیں ، زرعی شعبہ میں جدت اور قدرتی و ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت درحقیقت پائیدار ترقی و خوشحالی اور مستقبل میں غذائی تحفظ کی ضمانت ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اس سال یہ عالمی دن آج جدت اپنائیں ، کل کو غذائیت سے بھرپور بنائیں کے زیر عنوان منایا جارہا ہے،یہ موضوع زرعی شعبہ میں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، ٹیکنالوجی سے آراستہ غذائی و زرعی نظام ہی موجودہ قومی اور آئندہ نسلوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کا واحد موثر حل ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، زمین کی متفرق زرخیزی، پیداواری لاگت میں اضافہ اور غذائی رسد کی رکاوٹوں جیسے مسائل کا حل جدید سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سائنس و ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی و غذائی شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے،جدید سائنسی تحقیق و علم اور ٹیکنالوجیز کو مقامی کاشتکاروں کی معلومات اور عملی تجربات کے ساتھ یکجا کرکے ہم زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ زرعی ترقی میں قومی غذائی تحفظ، قومی معیشت، دیہی روزگار اور شعبہ مال مویشی کی افزائش و فروغ بھی شامل ہے، ہمارے محنتی کسان، مویشی پال اور زرعی پیداوار سے وابستہ تمام افراد غذائی نظام کو مزید فعال بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں ، زرعی افرادی قوت چیلنجز کے باوجود اپنی محنت، لگن اور عزم سے قوم کی غذائی ضروریات پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے
قدرتی و ماحولیاتی مسائل ،غیر معمولی موسمیاتی تبدیلی ان چیلنجز میں سرِ فہرست ہیں ‘ شہباز شریف
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل