خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف سینیٹ میں قرارداد پیش

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف سینیٹ میں قرارداد پیش جمعیت وکلاء فورم پاکستان کے مرکزی صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ سینیٹر مولانا عبدالواسع سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف سینیٹ میں قرارداد پیش کردی، جس میں ایمرجنسی کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ پاکستان اور وفاقی حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے،

قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے آئین میں درج شرائط اور قانونی طریقہ کار پر عمل درآمد ضروری ہے۔ صوبائی خودمختاری، منتخب صوبائی اداروں کے مینڈیٹ، جمہوری نظام اور عوام کے آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی بنیاد بننے والی سمری، رپورٹس، وجوہات اور دیگر متعلقہ ریکارڈ پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے۔

قرارداد میں صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور متعلقہ حکام سے سفارش کی گئی ہے کہ ایمرجنسی کے اعلان اور اس کے نتیجے میں جاری کیے گئے احکامات کا آئینی و قانونی جائزہ لیا جائے اور فیصلہ واپس لینے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔

قرارداد میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ آئینی تقاضوں کی پاسداری، صوبائی خودمختاری اور جمہوری اداروں کا احترام ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں