کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ پریس کلب میں خاتون ڈاکٹر سونیا نور کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی صاف اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے معاون بابر یوسفزئی کے مطابق وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈاکٹر سونیا نور کے کیس میں انصاف کے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ذریعے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔
بابر یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان قانون کی بالادستی اور تمام شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست میں کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام اقدامات قانون کے مطابق ہی عمل میں لائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ خاتون ڈاکٹر سونیا نور نے 26 ستمبر کو کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے بہنوئی پر مبینہ تشدد اور ہراساں کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے یہ اقدام سامنے آیا ہے۔
کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان کا ڈاکٹر سونیا نور کی پریس کانفرنس کا نوٹس، شفاف تحقیقات کا حکم