اسلام آباد (این این آئی)اپوزیشن رہنماؤں نے مذاکرات آگے بڑھانے کیلئے عمران خان سے ملاقات کی شرط رکھ دی ۔ جمعہ کو ہونے والے مذاکرات کے دور ان پوزیشن وفد کا اسپیکر چیمبر پہنچنے پر سردار ایاز صادق نے استقبال کیا، اپوزیشن کی جانب سے علامہ راجا ناصر عباس، بیرسٹرگوہر، اسد قیصر،عامر ڈوگر اور سلمان اکرم راجا موجود ہیں جبکہ حکومتی وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی، شیری رحمان، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ اعجاز جاکھرانی، نوید قمر، رانا ثنا اللہ اور امیر مقام بھی حکومتی وفد کا حصہ ہیں ۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ابھی تو گفتگو شروع ہوئی ہے، دونوں فریقین متفق ہیں کہ آج کچھ نتیجہ نکالیں گے، باقی تفصیلات کے لیے ابھی صبر کریں ۔سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ ہم انصاف کی بات کریں گے، انصاف مکمل ختم ہوچکا ہے، ہمیں پانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت چاہیے، اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو معاملہ آگے بڑھے گا، ورنہ ایسا ہی رہیگا، ہمیں پانی پی ٹی آئی کی رہائی اور انصاف چاہیے۔
دریں اثناء حکومت نے اپوزیشن پر دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ اپوزیشن سے مذاکرات میں عمران خان کی رہائی پر بات نہیں ہوگی۔تفصیلات کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہاکہ اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے، فریقین نے ایک دوسرے کو اپنے موقف سے آگاہ کیا، مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے، مذاکرات کا دوسرا دور (آج) ہفتہ کو دن 2 بجے ہوگا، امید کرتے ہیں کہ معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔مذاکرات کے دوسرے دور سے قبل وزیرداخلہ محسن نقوی اور راناثنااللہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن نے دیگر قیادت کو اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق حکومت کا دو ٹوک موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بات نہیں ہوگی، مذاکرات میں بیرسٹر گوہر نے کہا کھلے دل کے ساتھ مذاکرات میں آئے ہیں ، رانا ثنا نے جواب دیا ہم بھی مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں لیکن تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں کا مذاکرات آگے بڑھانے کیلئے عمران خان سے ملاقات کی شرط