کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ پولیس ایک منظم اور نظم و ضبط کی پابند فورس ہے جو عوام کے جان و مال کے تحفظ، قیامِ امن اور دہشت گردی و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ فرائض کی انجام دہی کے دوران پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور ان قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اتوار کے روز پولیس لائن میں منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز طاہر علاﺅالدین کاسی، ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری متحرمہ شیلا قریشی سمیت دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پولیسنگ کے نظام کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید آلات، وسائل اور سہولیات بروئے کار لائی جا رہی ہیں، جبکہ پولیس افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے جدید خطوط پر تربیت کی فراہمی کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ اور اس بات پر ان میسر جدید آلات سیف سٹی کے علاوہ موجود انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے سے استفادہ حاصل کیا جا رہا ہے۔ اور اس حوالے سے اہلکاروں کو خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبل ازیں منعقدہ پولیس دربار کے دوران افسران اور جوانوں کے مسائل اور ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا اور اس موقع پر ان کی فلاح و بہبود، سہولیات کی فراہمی، جدید پولیسنگ کے لیے ضروری آلات جن میں 200 کے قریب آرمڈ گاڑیاں،800 سے ذیادہ موٹر سائیکلیں، جدید اور موثر ہتھیاروں سے لیس کرنے کا سلسلہ جا رہی ہے۔ اور معیاری تربیت کے حوالے سے کیے گئے مختلف منصوبے پایا تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
محمد طاہر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پولیس دربار میں افسران اور جوانوں سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا عمل بتدریج جاری ہے۔ اہلکاروں کو بہتر سہولیات اور جدید آلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی پیشہ ورانہ تربیت اور فلاح و بہبود کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے افسران اور جوان مشکل اور کٹھن حالات کے باوجود عوام کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنے فرائض پوری ذمہ داری، جانفشانی اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فرائض کی انجام دہی کے دوران پولیس کے افسران اور جوانوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جو فورس کی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے، جدید پولیسنگ کو فروغ دینے اور افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے بعد ازاں دربار میں اہلکاروں کے فردا فردا مسائل سنے جن میں ذاتی مسائل موقع پر ہی احکامات صادر کئے۔جبکہ پولیس لائن کے ٹیوب ویلوں نظام کو سولرائزیشن کرنے کے احکامات جاری کیے۔
پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، آئی جی پولیس بلوچستان