کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن دشمن عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم قابلِ فخر ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی جانے والی کارروائی میں 11 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے۔ آپریشن شبان کے دوران دہشت گردوں کے مزید ٹھکانوں کے خلاف کارروائی اور پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت بھی ایک اہم کامیابی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔ ریاستی اداروں کی مسلسل کارروائیوں کے باعث دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف دباؤ بڑھ رہا ہے اور ان کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن دشمن عناصر کے عزائم کو مسترد کیا ہے۔ صوبے کے عوام اپنی سرزمین پر امن، استحکام اور ترقی چاہتے ہیں ، جبکہ دہشت گردی کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں قومی عزم کی عکاس ہیں ۔ پاکستان سے غیر ملکی معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ریاستی اداروں کی مشترکہ کاوشیں جاری رہیں گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کارروائیوں میں حصہ لینے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بلوچستان میں امن و استحکام کیلئے سکیورٹی فورسز اور عوام کا عزم مضبوط ہے اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پوری ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔
بلوچستان میں امن و استحکام کیلئے سکیورٹی فورسز اور عوام کا عزم مضبوط ہے ‘ سرفراز بگٹی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل