کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) بلوچستان میں جدید پولیسنگ کے فروغ اور فیلڈ کارکردگی کو بڑھانے کے لیے پولیس فورس کو 865 نئی موٹر سائیکلیں فراہم کر دی گئی ہیں۔ ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق یہ اقدام وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن اور آئی جی بلوچستان پولیس کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
ترجمان پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فراہم کی جانے والی موٹر سائیکلوں میں سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بلوچستان کو 298 جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس کوئٹہ کو 30 موٹر سائیکلیں دی گئی ہیں، جبکہ بقایا موٹر سائیکلیں صوبے کے دیگر اضلاع اور شعبہ جات میں تقسیم کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا بنیادی مقصد گنجان آباد اور دشوار گزار علاقوں میں پولیس کی فوری رسائی کو ممکن بنانا، ایندھن کی بچت اور صوبے بھر میں مؤثر موٹر سائیکل گشت کا نظام قائم کرنا ہے۔ ان نئی گاڑیوں سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائیوں میں مدد ملے گی۔
ترجمان بلوچستان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ جدید وسائل کی فراہمی سے فورس کی فیلڈ کارکردگی کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور جدید ترین وسائل کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے۔
موثر گشت اور فوری رسپانس بلوچستان پولیس کو 865 نئی موٹر سائیکلوں کی فراہمی